نئی دہلی، 29؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستان اور ہندوستان کے درمیان امن اور سکون بڑھانے کے مقصد سے دونوں ممالک کے طلبا کے لیے ’ایکسچینج فار چینج‘ پروگرام کے تحت آنے والے 60پاکستانی طلباء کا ہندوستان کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔اس کے پیچھے اہم وجہ اڑ ی حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پیداہوئی کشیدگی کو مانا جارہا ہے۔یہ پروگرام دہلی کی ایک غیر سرکاری تنظیم ’روٹس ٹو روٹس‘ منعقد کرتی رہی ہے۔تنظیم کے بانی راکیش گپتا نے ایک بیان میں کہاکہ تقریبا 60پاکستانی طالب علموں کو 25؍ستمبر کو ہندوستان کا دورہ کرنا تھا۔وہ یہاں تین روزہ ’ایکسچینج فار چینج‘پروگرام میں حصہ لینے کے لیے آنے والے تھے لیکن موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہم نے یہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالانکہ بچوں کے ویزا وغیرہ سے متعلق کاروائی پوری ہو چکی تھیں لیکن فی الحال اسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔